Saturday, February 16, 2013

اشفاق احمد زاویہ 2 چھوٹا کام صفحہ 26

رزق کا بندوبست کسی نہ کسی طور اللہ تعالیٰ کرتا ہے ، لیکن میری پسند کے رزق کا بندوبست نہیں کرتا ۔ میں چاہتا ہوں کہ میری پسند کے رزق کا انتظام ہونا چاہیے ۔ ہم اللہ کے لاڈلے تو ہیں پر اتنے بھی نہیں جتنا  ہم خود کو سمجھتے ہیں ۔
ہمارے بابا جی کہا کرتے تھے کہ اگر کوئی آدمی آپ سے سردیوں میں رضائی مانگے تو اس کے لیے رضائی کا بندوبست ضرور کریں ۔  کیونکہ اسے ضرورت ہوگی ۔ لیکن اگر وہ یہ شرط عائد کرے کہ مجھے میری پسند کی رضائی دو ، تو پھر اس کو باہر نکال دو ۔ کیونکہ اس طرح اس کی ضرورت مختلف قسم کی ہو جائے گی ۔

اشفاق احمد زاویہ  2  چھوٹا کام  صفحہ 26

اشفاق احمد زاویہ 3 لچھے والا صفحہ 31

جب ہم اسکول میں پڑھتے تھے تو ایک ادھیڑ عمر کا شخص جس کا رنگ گندمی اور ماتھے پر بڑھاپے اور پریشانی سے لکیریں پڑہی ہوئیں تھیں ۔ وہ اسکول میں لچھے بیچنے آیا کرتا تھا ۔ اس کے بنائے ہوئے رنگ برنگ  کےلچھے ہم سب کے من پسند تھے ۔ وہ ہمیں ان چینی کے بنے فومی لچھوں کے طوطے ، بطخیں اور طرح طرح کے جانور بھی بنا کر دیا کرتا تھا ۔ ہم اس سے آنے آنے کے لچھے کھاتے اور وہ بڑے ہی پیار سے ہم سے پیش آتا تھا ۔  مجھے اب بھی اس کی بات یاد ہے اور جب ایک سپر پاور نے افغانستان پر حملہ کیا تو بڑی شدت سے یاد آئی حالانکہ میں اسے کب کا بھول چکا تھا ۔ ہم سب بچوں سے وہ لچھے والا کہنے لگا ۔  
" کاکا تسیں وڈے ہو کے کیہہ بنو گے  ۔ "
ہم سب نے ایک آواز ہو کر کہا کہ " ہم بڑے افسر بنیں گے " ۔
کسی بچے نے کہا میں " فوجی بنوں گا " ۔  
 وہ ہم سے پیار کرتے ہوئے بولا " پتر جو وی بنو ، بندے مارنے والے نہ بننا ۔  بندے مارن نالوں بہتر اے تسی لچھے ویچن لگ پینا  پر بندے مارن والے کدی نہ بننا " ۔

اشفاق احمد زاویہ 3  لچھے والا  صفحہ 31

اشفاق احمد من چلے کا سودا صفحہ 73

ساری عمر دوہری عبادت کی جیون ! قلب سے بھی اور ہاتھ سے بھی ۔ اسی لیے تو کہتا ہوں عبادت کا حکم ہر وقت ہے ۔ پانچ وقت تو حاضری لگانی ہوتی ہے  باقی عبادت ، تو سارا دن چلتی ہے ۔
جیون : لیکن چاچا  ہمہ وقت کیسے ہو سکتا ہے اللہ کا ذکر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟
جب تو ہل چلاتا ہے ، عبادت کرتا ہے ۔ جب میں صراحی ، گلدان ، تھال میں گل بوٹے بناتا ہوں،عبادت ہی تو ہوتی ہے ۔
ہاتھوں سے رزق حلال کھانے اور کھلانے والا اور کیا کرتا ہے جیون بیٹا ! جب میری جہاں  آرا کشیدہ کرتی ہے ۔ ۔ ۔ ۔  روٹی بناتی ہے وہ بھی تو عبادت ہی  کرتی ہے ۔

اشفاق احمد  من چلے کا سودا صفحہ 73

اشفاق احمد من چلے کا سودا صفحہ 119

مرد کے اندر عورت کی ترغیب فطری طور پر موجود ہے ۔  یہ ترغیب فطری اور گہری ہے ۔ جب یہ ترغیب نیام سے نکل کر تلوار بنتی ہے  تو زندگی کی وادی میں ہزاروں عورتیں بے دریغ کچل دی جاتی ہیں ۔ اسی لیے چوری چھپے کی آشنائی کا حکم نہیں ہے ۔  یہ صرف عورت کا تحفظ ہے کہ اس ترغیب کے ہاتھوں وہ روندی نہ جائے ۔  نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم ہے ، عورت کی حفاظت کے لیے  ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حیا سے ، پردے سے  ، خدا کو تو کوئی فائدہ نہیں
پہنچتا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مرد بھی بیزار ہوتا ہے حیا دار عورت سے ، لیکن عورت محفوظ رہتی ہے ۔  وہ قدم قدم پر مرد کے اندر چھپی ہوئی  ازلی ترغیب سے بچی رہتی ہے ۔

 اشفاق احمد من چلے کا سودا صفحہ 119

اشفاق احمد لچھے والا زاویہ3 صفحہ 29

آپ کبھی فجر کی نماز کے بعد کسی ان پڑھ عام سے کپڑے پہنے کسی دیہاتی ، جسے وضو اور غسل کے فرائض سے بھی شاید پوری طرح واقفیت نہ ہو، وہ جب نماز کے بعد قرآن پاک پڑھنے کے لیے کھولے گا تو قرآن پاک کا غلاف کھولنے سے پہلے دو بار اسے آنکھوں سے لگائے گا اور چومے گا ۔ اس کی اس پاک کتاب  سے محبت اور عقیدت دیدنی ہوتی ہے ۔ وہ قرآن پاک میں لکھی عربی کی آیات کی معانی سے واقف نہیں ہوتا ۔ لیکن وہ جس محبت سے اسے پڑھ رہا ہوتا ہے وہ قابلِ رشک ہوتا ہے ۔

اشفاق احمد لچھے والا  زاویہ3 صفحہ 29

اشفاق احمد زاویہ 3 دو بول محبت کے صفحہ 52

اگر کسی لڑکی کی شادی زبردستی  اس کی مرضی کے بغیر ہو رہی ہے ، اور وہ رونا چاہتی ہے ، کسی مامے ، چاچے، دوست ، استاد ، پروفیسر کو بتانا چاہتی ہے کہ اسے یہ دکھ ہے لیکن وہ سارے کہتے  ہیں کہ ہمارے پاس وقت نہیں ہے ، دفع ہوجا ۔
اب وہ بیچاری خود کشی نہیں کرے گی تو اور کیا کرے گی ۔ جب زندگی اور آواز کا پنجرہ اتنا تنگ کر دیا جاتا ہے کہ وہ اس میں محبوس ہو جاتا ہے اور اس کا سانس گھٹنے لگتا ہے ، تو پھر وہ مرنے کے لیے تیار ہو جاتا ہے ۔

اشفاق احمد زاویہ  3  دو بول محبت کے  صفحہ 52

Monday, February 11, 2013

Daily Quran And Hadith


السلام عليكم و رحمة الله و بركاتة