Sunday, July 1, 2012

تختی 7، اینڈرائڈ فور کا حامل نیا پاکستانی ٹیبلٹ کمپیوٹر

پاکستانی افواج کے ایک ادارے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی جانب سے ملکی سطح پر تیار کردہ ایک اینڈرائڈ  ٹیبلیٹ کمپیوٹر متعارف کروایا گیا جسے تختی 7   کا نام دیا گیا ہے۔ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل اور سام سنگ، بہترین اور جدید ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کی دوڑ میں سب سے آگے تصور کیے جاتے ہیں۔ ایسے میں بہت سے ممالک ان بین الاقوامی کمپنیوں کی مصنوعات پر انحصار کرنے کے بجائے مقامی سطح پر ٹیبلیٹ کمپیوٹر تیار کر رہے ہیں۔ انہی ممالک میں اب پاکستان بھی شامل ہو گیا ہے جہاں گزشتہ برس محکمہ دفاع کے تحت لڑاکا طیارے اور ہتھیاروں کا نظام تیار کرنے والے ادارے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، کامرہ نے صارفین کے لیے پاکستان کا پہلا ٹیبلٹ کمپیوٹر تیار کیا تھا۔ اسے PAC-PAD 1 کا نام دیا گیا تھا۔ اسی ادارے کی جانب سے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کا حامل ایک اور ٹیبلٹ کمپیوٹر متعارف کروایا گیا ہے جسے تختی 7 کا نام دیا گیا۔ یہ PAC-PAD 1 کی مزید بہتر بنائی گئی شکل ہے۔PAC کامرہ نے یہ کارنامہ پرزہ جات تیار کرنے والی چینی کمپنی INNAVTEK International کے تعاون سے انجام دیا ہے۔تختی 7 کی خصوصیات کے حوالے سے محکمہ دفاع کے تحت کمرشل پراڈکٹ مینوفیکچرنگ سیل کے چیف ایگزیکیٹو آفسر مقصود اشرف نے بتایا کہ یہ ٹیبلیٹ کمپیوٹر سات انچ کی ٹچ اسکرین کا حامل ہے، ''اس کی پراسیسنگ اسپیڈ 1 GB ہے جبکہ رَیم 512 MB ہے۔ بِلٹ ان میموری 8 GB جبکہ 32 GB تک کے میموری کارڈ کی سہولت موجود ہے ۔اس کے علاہ یہ اینڈرائیڈ 4.0 آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم کا حامل ہے جس میں ویڈیو کالنگ کیمرہ ، وائی فائی اور مِنی یو ایس بی کی سہولت بھی موجود ہے۔مقصود اشرف کے مطابق تختی 7 کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے بازار میں دستیاب عام ٹیبلیٹ کمپیوٹرز سے بہتر بنایا گیا ہے، ''مارکیٹ میں تختی 7 جیسی ساخت اور خصوصیات سے ملتی جلتی بہت سے ٹیبلیٹ کمپیوٹرز نظر آتے ہیں لیکن ہم نے اس کی کارکردگی کو بہت بہتر کیا ہے۔ ہمارے پاس 37 انجینئروں کی ٹیم ہے جو اس کو بہتر سے بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔ ہم اپنے ٹیبلیٹ کا چینی ساختہ ٹیبلٹس سے نہیں بلکہ iPad اور Samsang Galaxy کی کارکردگی سے موازنہ کرتے ہیں۔ایروناٹیکل کمپلیکس کی جانب سےتجارتی بنیادوں پر کمپیوٹر مصنوعات کی تیاری کی وجہ بتاتے ہوئے مقصود اشرف کا کہنا تھا کہ محکمہ دفاع کے تحت ایروناٹیکل کمپلیکس کو کمرشلائز کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اسے مکمل طور پرخود کفیل بنایا جائے، '' عام طور پر لوگ PAC کا تعلق PAF یا صرف دفاعی افواج کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ محکمہ دفاع کا مقصد PAC کو تجارتی بنیادوں پر مستحکم کرنا ہے جو کمرشل صعنت کے علاوہ فضائی صنعت کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔ اسی لیے ہم نے محکمہ دفاع کو کمپیوٹر مصنوعات تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ محکمہ دفاع کی منظوری کے بعد ہم نے جو کمپیوٹر مصنوعات بنائیں ان میں تختی 7 بھی شامل ہے۔''مقصود اشرف کے مطابق مستقبل میں PAC تجارتی بنیادوں پر مذید کمپیوٹرمصنوعات سامنے لائے گا جن پر کام جاری ہے، ''اس وقت ہم تختی 7 کے بعد تختی 8 پر کام کر رہے ہیں جس کی اسکرین آٹھ انچ رکھی جائے گی۔اس کے بعد 9.7 انچ کی اسکرین پر کام کیا جائے گا جس میں GSM اور GPS بھی دستیاب ہو گا۔ ہم خود کار نظام سے منسلک چند مصنوعات کے علاوہ سرویلینس مصنوعات تیار کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔''تختی 7 کی قیمت 15000 پاکستانی روپے ہے جو 120 یورو کے قریب بنتی ہے۔ مقصود اشرف کے مطابق صارفین کی جانب سے ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی اس کامیابی کو سراہا جارہا ہے۔

No comments:

Post a Comment