Johar Hockey Cup
Spread terror by Pakistan on India
شیلارو / ہما چل پردیش: سلطان آف جوہر ہاکی کپ سے قبل بھارتی ٹیم پر پاکستان کی ہیبت طاری ہو گئی، بلوشرٹس اکتوبر میں ملائیشیا میں شیڈول ایونٹ کے افتتاحی میچ میں گرین شرٹس کے مقابل آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی جونیئر ہاکی ٹیم پانچویں سلطان آف جوہرکپ کیلیے تیاریوں میں مصروف ہے جہاں وہ 11 اکتوبر کوپاکستان کیخلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ٹورنامنٹ18 اکتوبر تک جوہر بارو میں منعقد ہوگا، بھارت کو ٹائٹل کے دفاع کا چیلنج درپیش ہے،32 ارکان پرمشتمل اسکواڈ سردست ہریندرا سنگھ کی زیرکوچنگ ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے، فارورڈ ارمان قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارا پہلا مقابلہ پاکستان کیخلاف ہو گا، ہم روایتی حریف کا سامنا کرنے کیلیے بہت پُرجوش ہیں، گذشتہ برس ہم نے انھیں6-0 سے شکست دی اور اس بار بھی اسی طرح ہرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مزیدکہاکہ ہم گرین شرٹس کو آسان نہیں سمجھ سکتے کیونکہ وہ ہمارے کھیلنے کے اسٹائل کو جانتے اور یقیناً بہترحکمت عملی کے ساتھ واپس آئیں گے۔
اس کے باوجود ہم اپنے گیم پلان پر کاربند اور اس پر عمل کرتے ہوئے میچ جیتیں گے۔ ٹریننگ پر تبصرہ کرتے ہوئے ارمان نے کہاکہ اب تک ٹریننگ سیشنز بہت سودمند ثابت ہوئے،ہم اپنے نئے منصوبوں اور حکمت عملی سے مثبت نتائج حاصل کررہے ہیں، پلیئرز فوری حملوں اور پاسنگ پر توجہ دے رہے اور یہی آنے والے ٹورنامنٹ میں ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں،انھوں نے کہا کہ گذشتہ ٹورنامنٹ ہمارے ارادے کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت پلیئرز کھیلے اور فتح پائی، مجھے یقین ہے کہ ٹیم اگلی آزمائش میں اسی صلاحیت کو بروئے کار لائے گی۔