لاہور: پاکستانیوں کی میزبانی نے مسٹر اینڈ مسزعامرکا دل جیت لیا، برطانوی باکسر کا کہنا ہے کہ ساری قوم مجھ سے محبت کرتی ہے، ان کی دعاؤں سے ایک مرتبہ پھر ورلڈ چیمپئن بنوں گا، اپنی اکیڈمی میں نوجوانوں کو خود ٹریننگ دوں گا،اہلیہ فریال خان نے کہاکہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں،یہاں ایسے گھوم پھر رہی ہوں جیسے انگلینڈ میں ہوں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے پروگرام ’’گیسٹ آف آنر‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے عامر خان نے کہاکہ مجھے ہمیشہ پاکستان آکر بہت خوشی محوس ہوتی ہے، اس بات پر فخر ہے کہ میں ایک ایسی قوم سے تعلق رکھتا ہوں جس کے نوجوان دنیا کے شعبے میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ پاکستانی قوم میں ہرطرح کا ٹیلنٹ موجود ہے اگر انھیں سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ ساری دنیا سے آگے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اپنی اکیڈمی میں نوجوانوں کو خود ٹریننگ دوں گا، خوشی ہے کہ ساری قوم مجھ سے محبت کرتی ہے اور میں ان کی دعاؤں سے ایک مرتبہ پھر ورلڈ چیمپئن بنوں گا۔
دوسری جانب ایک انٹرویو میں فریال نے کہا کہ ویسے تو بچپن سے پاکستان آرہی ہوں لیکن شوہر کے ساتھ آنا بہت اچھا لگا،لاہوری کھانے کھا کر بیحد لطف اندوز ہوئی، عامر پالک گوشت بہت شوق سے کھاتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہاکہ شوہر کے ساتھ لڑکیاں سیلفی بنائیں تو غصہ نہیں آتا، میں ان کی کوئی بھی ٹریننگ مس نہیں ہونے دیتی اور اس حوالے سے بہت سختی کرتی ہوں، فریال نے کہا کہ عامر گھر پر بالکل غصہ نہیں کرتے اور عام انسان کی طرح رہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اسپورٹس اکیڈمیزبننی چاہئیں، عامر خان کی اکیڈمی سے بھی باصلاحیت باکسرز اُبھر کر سامنے آئیں گے۔