Apple Iphone
Apple will introduce its new smartphone today
کیلیفورنیا: ایپل آج 9 ستمبر کو اپنی نئی پراڈکٹ پیش کررہا ہے جس کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا جارہا ہے لیکن ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ آئی فون 7 یا پھر آئی فون 6 ایس ہوسکتا ہے۔
ٹیکنالوجی کی مشہور ویب سائٹس کے مطابق ایپل کمپنی آج اپنی اہم مصنوعات کا اعلان کرے گا جس میں پہلی مرتبہ آئی فون میں ہائی ریزولوشن تھری ڈی ٹچ ڈسپلے پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز کیلیفورنیا میں لگ بھگ 7 ہزار صحافی اور رپورٹرز اس اہم تقریب میں شرکت کریں گے جب کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد اس کی براہِ راست ویب کاسٹنگ کو دیکھیں گے۔ ایک کمپنی کے مطابق آئی فون 6 ایس اور 7 دونوں کی ریزولوشن 488 پکسل فی انچ ہوگی اور اسکرین بھی آئی فون کے بقیہ ماڈل سے قدرے بڑی ہوگی۔
فون میں دوسری اہم چیز ’فورس ٹچ‘ ہے جو دباؤ کی قوت اور وقت دونوں پر کام کرتا ہے یعنی اسکرین پر عام ٹچ اور دیر تک کے ٹچ کو محسوس کرکے فیصلہ کرسکے گا۔ اس طرح ٹچ کرنے (ٹیب)، دبانے (پریس) اور دیر تک دبائے رکھنے ( ڈیپر پریس) کے تین آپشن پیش کئے جارہے ہیں۔ ایک اور ویب سائٹ کے مطابق ایپل کا نیا فون اب تک سب سے پتلا ترین فون بھی ہوگا اور اس میں بہتر انٹرفیس بھی شامل کیا جارہا ہے۔ اس میں خاص المونیم استعمال کیا جارہا ہے کیونکہ پچھلے ورژن میں فون کے مڑجانے کی شکایات کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ایپل نے اپنی مصنوعات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے اور فون ٹیکنالوجی کے ماہرین بعض شواہد کی بنیاد پر قیاس آرائیاں کررہے ہیں۔ نئے فون کے آرڈر 18 ستمبر سے وصول کئے جائیں گے اور 25 ستمبر سے ان کی فروخت شروع ہوجائے گی۔ اس میں بیٹری قدرے کمزور ہوگی تاہم ایک نئی کوالکوم ایل ٹی ای چپ شامل کی جارہی ہے جو ڈاؤن لوڈنگ رفتار کو دوگنا کردیتی ہے۔