ہری پور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ساتھ ہے۔
فیصلہ خود عوام نے کرنا ہے کہ ووٹ کسے دینا ہے ظالموں کویا کسی پڑھے لکھے نوجوانوں کو، نوجوانو! اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرو اور بھابھی کو شرمندہ نہ کرنا۔ ہری پور میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار عامر زمان کی انتخابی مہم میں اردو، ہندکو اور پشتو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ساتھ ہے اور تحریک انصاف کو یہ اعزازحاصل ہے کہ اس جماعت کے پاس خان ہے۔ نوجوان ہے اور بھابھی بھی ہے، عمران خان کی بیوی اسے کبھی بھی جھکنے نہیں دیگی، خان صاحب نے ایسی لڑکی سے شادی کی ہے جو اسے کہیں بھی چھپنے نہیں دیگی۔
انھوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے عوام کے مسائل حل نہ کیے کہ اس کے اپنے گھر میں مسئلے ہوجائیں گے اور اگر اس نے اپنی بیوی کی بات نہ سنی توکہاں جائیں گے۔
جلسے سے پہلے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ریحام خان نے کہا ہے کہ انھوں نے پی ٹی آئی اے کے امیدوار کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ خان صاحب کو مکمل سپورٹ کریں گی لیکن غلط مشورہ کبھی نہیں دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں فرنٹ فٹ پرکھیلنے کا ارادہ ہے، عورتوں کوبھی اس میدان میں آنا چاہیے۔عمران خان کوفضل الرحمن کی درخواست پراسمبلی جانے کامشورہ نہیں دوں گی۔