ناٹنگھم: انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے ٹیسٹ وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرلی، چوتھے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی اوپنر کرس روجرز کو فرسٹ سلپ میںکپتان الیسٹر کک کا کیچ بناکر وہ اس سنگ میل پر پہنچنے والے پانچویں انگلش بولر بنے ، ان سے قبل جیمز اینڈرسن، ای ین بوتھم، باب ولز اور فریڈ ٹرومین یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
براڈ نے یہ اعزاز اپنے 83 ویں ٹیسٹ میں حاصل کیا، اس طرح وہ تیز رفتاری سے اس مقام پر پہنچنے والے دوسرے انگلش بولر ہیں، ٹرومین نے وکٹوں کی ٹرپل سنچری صرف 67 ٹیسٹ میں مکمل کی تھی۔
براڈ نے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 8 وکٹیں لیں اس طرح انکی مجموعی وکٹیں بھی ٹرومین جتنی 307 ہوگئی ہیں، انھوں نے پہلے اوور میں 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا، 2002 کے بعد سے کسی بھی ٹیسٹ کے پہلے اوور میں دو یا زائد وکٹوں کا واقعہ 2 بار پیش آیا، عرفان پٹھان نے پاکستان کیخلاف 2006 اور کرس کینز نے انگلینڈ سے میچ میں2002میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، براڈ نے 15 رنز کے عوض 8 وکٹیں لیں جو ان کی کیریئر بیسٹ پرفارمنس ہے۔
اس سے قبل وہ 2 مرتبہ اننگز میں 7 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں، پیسرکسی بھی ٹیسٹ کے ابتدائی روز لنچ سے قبل کم سے کم 5 وکٹیں لینے والے مجموعی طور پر 11ویں بولر بنے۔