پاکستان کے اوپننگ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 2011ء میں کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز بنانے کا کارنامہ انجام دیا اور پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا اور رواں سال انہوں نے گیند بازی میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بالآخر اک ایسا کارنامہ انجام دے ڈالا ہے جو بہت کم پاکستانی باؤلرز کر پائے ہیں یعنی کہ درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنا۔
پیر کو آسٹریلیا-افغانستان ایک روزہ مقابلے کے بعد تازہ تر کی جانے والی درجہ بندی میں محمد حفیظ جنوبی افریقہ کے لونوابو سوٹسوبے سے سرفہرست پوزیشن چھیننے میں کامیاب ہو گئے ہیں کیونکہ 24 اگست کو کارڈف میں ہونے والا انگلستان جنوبی افریقہ مقابلے بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے سوٹسوبے کے کچھ پوائنٹس منہا ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے محمد حفیظ آگے نکل گئے ہیں اور نمبر ون پوزیشن پر قابض ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین درجہ بندی میں گیند بازوں میں پاکستان کے سعید اجمل بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سرفہرست 10 میں بنگلہ دیش کے عبد الرزاق کی شمولیت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹاپ ٹین میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
دوسری جانب سرفہرست 10 میں بلے بازوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اول نمبر پر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کا قبضہ برقرار ہے جن کے تعاقب میں بھارت کے ویراٹ کوہلی اور ہاشم کے ہم وطن ابراہم ڈی ولیئرز ہیں۔
No comments:
Post a Comment