Bangladeshi Delegation Visits Pakistan
Bangladesh delegation expressed satisfaction over security in Pakistan
لاہور: بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان میں سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کر دیا، ارکان صورتحال سے بی سی بی کو آگاہ کریں گے، ویمنز ٹیم کو بھجوانے کا حتمی فیصلہ دونوں بورڈز کی بات چیت کے بعد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے سیکیورٹی وفد نے گذشتہ روز لاہور میں قذافی اسٹیڈیم، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کا دورہ کیا، بی سی بی کے ہیڈ آف سیکیورٹی حسین امام، ہائی کمیشن کے سیکیورٹی مشیر مرزا عزیز الرحمان، لیفٹیننٹ کرنل رفیق الاسلام، ڈی آئی جی مظہر الاسلام اور ڈی آئی جی مصباح الدین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم اور دیگر عہدیداروں نے مہمانوں کو اسٹیڈیم میں سیکیورٹی سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی، انھیں این سی اے میں رہائشی و دیگر سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں وفد کے ارکان پنجاب اسپورٹس بورڈ گئے جہاں پر ڈی جی عثمان انور نے کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفد کے سربراہ حسین امام نے کنٹرول روم کو جدید اور مکمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت سیکیورٹی کیلیے مددگار ثابت ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں حفاظتی انتظامات فول پروف ہیں،اپنی رپورٹ میں بی سی بی کو مجموعی صورتحال سے آگاہ کرینگے، ٹیم کو بھجوانے کا حتمی فیصلہ دونوں بورڈز کی بات چیت کے بعد ہوگا۔یاد رہے کہ کراچی کا دورہ مکمل کرکے لاہور آنے والے وفد کو اس سے قبل پیر کو ہوم سیکریٹری پنجاب، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی بریفنگ دی تھی۔سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم 27 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور اور کراچی میں 2ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنے کیلیے آئے گی۔