لندن: سافٹ ویئر انجینئر نے خبردار کیا ہے کہ فیس بک کے سیکورٹی سسٹم میں موجود خامیوں کے باعث صارفین کا بڑے پیمانے پر ذاتی معلومات افشا ہوسکتی ہے اور ان کے کئی رازوں کا پردہ فاش ہوسکتا ہے۔
ایک سافٹ ویئر انجینئر رضا موئن دین نے اپنے ایک بلاگ میں خبردار کیا ہے کہ رینڈم نمبر جنریٹر کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی یوزر کے فون نمبر کے ذریعے اکاؤنٹ سے بڑے پیمانے پر اس کی ذاتی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں جس میں یوزر کا نام، تصاویر اور لوکیش ڈیٹا شامل ہے۔ بلاگر کے مطابق اگرچہ یہ معلومات عام طور پر بھی دسیتاب ہوتی ہیں تاہم اس طریقہ کار سے یہ اور اس طرح کی دیگر معلومات بہت تیزی اور بڑے پیمانے پر حاصل کی جاسکتی ہیں جب کہ اس کے لیے اسکینر کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طرح اسی یوزر کا ڈیٹا چوری ہوتا ہے جن کا فون نمبر بھی ان کے اکاؤنٹ میں درج ہوتا ہے جب کہ اگر صارف نے اپنا نمبر عام نہیں کیا ہو پھر بھی یہ طریقہ کام کرسکتا ہے۔
فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کیئے جا رہے ہیں جس سے یوزرکے بڑے پیمانے پر ڈیٹا کو چوری ہونے سے روکا جاسکے تاہم سافٹ ویئر انجینئر موئن دین کا کہنا ہے کہ فیس بک کے انجیئنر اس خامی کے دور کرنے کے قابل نہیں کیوں کہ انہوں نے فیس بک کو اس خامی کے بارے میں اپریل میں آگاہ کیا تھا تاہم اب تک ان کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا اس لیے یوزرز کو چاہئے کہ جب تک فیس بک انتظامیہ اس خامی کو دور نہیں کر لیتی وہ اپنے اکاؤنٹ کی سیٹنگ کو تبدیل کر لیں تاکہ ان کی ذاتی معلومات کا راز افشا ہونے سے بچ سکے۔