Showing posts with label Cycling. Show all posts
Showing posts with label Cycling. Show all posts

Saturday, August 1, 2015

Special Olympics, took their gold medal cycling Pakistan ..

اسپیشل اولمپکس؛ پاکستان نے سائیکلنگ میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا


لاس اینجلس: اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے مزید 3 طلائی تمغے جیت لیے، توصیف الحسن نے 10 کلو میٹرسائیکلنگ ریس میں ہدف کو حاصل کرنے کے لیے صرف 22 منٹ کا وقت صرف کیا، ٹیبل ٹینس میں عارف قیوم اور انوار الحسن نے میدان مارا، ملک کو ابتدائی گولڈ میڈل جیتنے والے عاصم زار نے ایک چاندی کا تمغہ بھی اپنے نام کرلیا، ایتھلیٹکس کے100 میٹر ایونٹ میں سائرہ اکرام نے بھی دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل کھلاڑیوں کے عالمی مقابلے امریکی شہر لاس اینجلس میں جاری ہیں ، ایونٹ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے خصوصی پلیئرز صلاحیتوں کے بھرپور جوہر دکھا رہے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کا جوش وجذبہ دن بدن بڑھتا ہی جارہا ہے اور وہ ہر آنے والے دن پہلے سے بہتر پرفارمنس دے رہے ہیں، آئندہ دو روز بھی انھوں نے کئی مقابلوں میں شرکت کرنی ہے۔ پاکستانی دستے کے ہمراہ آئے ہوئے آفیشلز کھلاڑیوں سے بھی زیادہ پرجوش ہیں جس طرح وہ کھلاڑیوں کا خیال رکھ رہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔
جمعے کے روز توصیف الحسن نے سائیکلنگ مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت کر پاکستانی مہم کو مزیدتقویت بخشی۔ انھوں نے لانگ بیچ پر سائیکلنگ کے 10کلو میٹر ایونٹ میں مقررہ فاصلہ 22 منٹ میں طے کر کے گولڈ میڈل جیتا۔قومی ٹیم کے ہمراہ آفیشل کی حیثیت سے لاس اینجلس آنے والے انیس الرحمان اوررباب کی خوشی دیدنی تھی جب توصیف الحسن نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو میں انیس الرحمان نے کہا کہ میڈل سے زیادہ انھیں خوشی اس بات کی ہے کہ کھلاڑی نے ہمت ہارنے کی بجائے آگے بڑھنے کی جستجو کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔
اس سے قبل ٹیبل ٹینس میں پاکستان کے عارف قیوم نے سنگلز اور انوار الحسن نے ڈبلز میں پاکستان کو سونے کے تمغوں کا حقدار ٹھہرایا۔ مقابلوں کے ساتویں روز دو پاکستانی کھلاڑیوں نے دو چاندی کے تمغے بھی جیتے ان میں ایتھلیٹکس کے سو میٹر ایونٹ میں سائرہ اکرام نے مقررہ فاصلہ 18 سیکنڈ میں طے کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان کیلیے پہلا سونے کا تمغہ جیتنے والے عاصم زار نے ایک سلورمیڈل بھی اپنے نام کیا، انہوں نے پچاس میٹر سوئمنگ ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، انھوں نے مقررہ فاصلہ 58 سیکنڈ میں طے کیا۔
باسکٹ بال کے ایک میچ میں پاکستان نے پولینڈ کو ہرا دیا تاہم فٹبال میںا سکواڈ برانز میڈل کے لیے ایکشن میں دکھائی دے گا ، اسکواڈ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم رہ گیا۔ دوسری طرف ٹینس کی میڈلز تقریب میں سابق امریکی ٹینس اسٹار پیٹ سمپراس نے اسپیشل پلیئرز کو میڈلز پہنائے، اس موقع پر انھوں نے پلیئرزکی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔