کراچی: نئے اورابھرتے ہوئے فاسٹ بولرزکیلیے وسیم اکرم کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ ایک دن آرام کے بعد ہفتے سے دوبارہ شروع ہوگیا، نیشنل اسٹیڈیم پر صبح کے سیشن میں فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ پریکٹس کا اہتمام کیاگیا ۔
شام کو وسیم اکرم نے این سی اے کے محمد اکرم کی معاونت سے بولرز کو تربیت دینے کا سلسلہ جاری رکھا، سابق فاسٹ بولر سلیم جعفر بھی ان کی مدد کرتے رہے، قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید نے بھی جاری تربیت کا جائزہ لیا اورنوجوان بولرزکی کارکردگی کوبغور دیکھتے رہے۔
اتوارکو کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے درمیان تربیتی میچ کھیلا جائیگا جبکہ اس دوران وسیم اکرم اور محمد اکرم خامیوں کی بروقت نشاندہی کرکے اصلاح بھی کریں گے۔ دریں اثنا ہارون رشید نے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل میں فاسٹ بولنگ میں راج کرسکتا ہے، جلد ہی ہمارے پاس بہترین اور باصلاحیت پیسرز کی کھیپ موجود ہوگی، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد فاسٹ بولرز کی کارکردگی کو موثر اور دیرپا بنانا ہے۔
وسیم اکرم کی جانب سے تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے بعد انھیں طویل المدتی معیاد کے لیے تیار کیا جائے گا، ہارون رشید نے کہا کہ اس وقت ڈومیسٹک کرکٹ میں تقریباً 14 فاسٹ بولرز عمدہ پرفارم کررہے ہیںلیکن ان میں کچھ نہ کچھ تکنیکی ایشوز ہیں،جنھیں دور کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ بیٹنگ کیلیے سازگار ڈومیسٹک کرکٹ پچز پر بولرز زیادہ جدوجہد کرتے ہیں، بورڈ کے تحت بیٹسمینوںکے لیے بھی کیمپ کا انعقاد ہوگا، مگر بولنگ کے شعبے میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے،انھوں نے کہا کہ ہم بھارت میں شیڈول عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں۔
No comments:
Post a Comment