لاہور: دورہ پاکستان کی صورت میں آئرلینڈ صرف سینئر ٹیم سے کھیلنے کا خواہاں ہے، دیگر ایسوسی ایٹ ٹیمیں اے سائیڈ کیخلاف مقابلوں کیلیے بھی تیار ہیں، چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے مطابق ہانگ کانگ کراچی میں کھیلنے پر آمادہ ہے،انٹرنیشنل الیون آئندہ سال ستمبر میں دورہ کریگی۔
تفصیلات کے مطابق شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ زمبابوے کے بعد دیگر ٹیسٹ سائیڈز کو بلانے کی کوششیں جاری ہیں لیکن موجودہ حالات میں فوری طور پر بڑی ٹیموں کو بلانے کی جلدی نہیں کرینگے، آئندہ برس ورلڈ ٹی 20کیلیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں نے پاکستان آنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، ہانگ کانگ اوراومان تیار ہیں، زیادہ تر غیر ملکی ٹیمیں لاہور میں کھیلنے کو ترجیح دیتی ہیں لیکن ہانگ کانگ نے کراچی میں کھیلنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں چھٹیاں گزارنے کے دوران اسکاٹ لینڈ حکام سے بھی بات کی، ان کا کہنا ہے کہ آپ وقت بتائیں ہم تیار ہیں، آئرلینڈ نے پہلے بھی رضامندی ظاہر کی تھی لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ ہم صرف پاکستان کی قومی ٹیم کیساتھ ہیں کھیلیں گے، البتہ دیگر ٹیمیں اے سائیڈ سے میچز کیلیے بھی راضی ہیں، اپنے شیڈول کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ 2 ہفتوں میں ٹیموں کی آمد کے معاملات طے کرلینگے، شہریار خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے قائم کی جانیوالی آئی سی سی ٹاسک فورس کے 4 سال سے غیرفعال ہونے کا شکوہ کیا تھا جسکے بعد چیئرمین جائلز کلارک نے بڑی مثبت پیش رفت کی ہے۔
انھوں نے انٹرنیشنل الیون بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے بجٹ اورممکنہ شیڈول مانگا تھا، مہمان کرکٹرز لاہور، کراچی اور کسی ایک اور وینیو پر میچز کھیلیں گے، بعد ازاں میری جانب سے دیے جانے والے بجٹ اور آئندہ سال ستمبر میں مقابلوں کی میزبانی پر اتفاق ہوگیا، رابطے پر جائلز کلارک نے بتایا کہ کوچز اور سیکیورٹی منیجر تک کا انتخاب کرلیا ہے۔
ٹور ممکن بنانے کی پوری تیاری ہوچکی، شہریار خان نے کہا کہ فی الحال آئی سی سی کے مستقل رکن ممالک کی پاکستان آمد پر اصرار نہیں کرینگے، اْنھیں اس کا خود فیصلہ کرنا ہوگا،اس دوران ایسوسی ایٹ، اے اور جونیئر ٹیموں کے ٹورز سے اعتماد کی بحالی کا سفر جاری رکھنا ہوگا۔
No comments:
Post a Comment