Monday, June 18, 2012

Ashfaq Ahmad In Zavia Program........!!!

مشرق کے لوگ اور مشرق کے ملک بڑے خوش قسمت ہیں کہ رات کی تاریکی اور رات کے اندھیرے کے بعد سب سے پہلے ان کو روشنی نصیب ہوتی ہے -
سب سے پہلے مشرق میں اجالا ہوتا ہے. جب بھی روشنی ہو جانے کا حکم ہوتا ہے تو سب سے پہلے مشرق روشن ہوتا ہے -
مشرق اس لحاظ سے بھی خوش قسمت ہے کہ اس کے دامن میں سارے پیغمبر پیدا ہوئے ہیں. انہی پیغمبروں نے ساری دنیا کو دین دھرم، خدا اور اس کی کائنات کا تصور دیا ہے -

پنجاب بھی مشرق کا ایک حصہ ہے اور چونکہ یہ علاقہ سپاٹ ہے،میدان ہے،چٹیل ہے اس لئے اس پر روشنی آسانی سے اور خوبی سے پھیلتی ہے. اس روشنی نے پنجاب کو بڑے صوفی، بڑے سنت سادھ، بڑے بزرگ اور بڑے مرشد دیے ہیں. ان لوگوں کی تعلیم سے نہ صرف یہاں کے لوگوں کی روحانی اور ایمانی زندگی تروتازہ رہی ہے بلکہ ان کو دنیا اور دنیا کے کاروبار میں بھی بڑی بلند یاں ملی ہیں.

صوفی عالم فاضل، فلسفی ،منطقی نہیں-
وہ مذہب اور دین کی باریکیوں اور خدا کے وجود اور اس کے ہونے اور نہ ہونے کے بارے میں تعلیم نہیں دیتے. وہ اس کے ساتھ عشق کرنے کی ترغیب دلاتے ہیں اور ساتھ ساتھ ترکیب بھی بتاتے ہیں.

سب سے آسان طریقہ سادہ اور موٹی موٹی زبان میں انہوں نے اپنے علاقے کے لوگوں کو یہ بتائی ہے کہ تم جیسے کیسے بھی ہو، جس حالت میں بھی ہو، جتنے گندے بھی ہو اس کی پرواہ نہ کرو بس خدا کے ساتھ لگ جاؤ. اٹھتے بیٹھتے، سوتے جاگتے پہلو کے بل لیٹے ہوئے اس کے نام کا ذکر کرو اور اس کو اپنے ساتھ سمجھو. وہ تمہاری خرابیاں اور تمھارے گند اور برائیاں خود دور کرے گا اور تمھارے لئے خود ہی کوئی راہ مقرر کرے گا.

مولوی،پنڈت، پادری ، پریچر Pastor صوفی کے الٹ تعلیم دیتے ہیں. وہ کہتے ہیں کہ پہلے پاک صاف بنو،نیک بنو، با اخلاق بنو، Be a Good Boby بنو . شریف بنو اس کے بعد تم اس قابل ہو گے کہ تم خدا کے حضور میں جا سکو اور اس کے ساتھ ملاپ کر سکو .

آپ نے دیکھا ہو گا کہ نیک اور شریف بننے کی کوشش میں انسان ساری زندگی گذار دیتا ہے لیکن اپنی مرضی اور پریچر کی کسوٹی Touch Stone کے مطابق کبھی بھی نیک نہیں بن سکتا. اس کے اپنے خالق سے دوری ہی رہتی ہے اور وہ اس راز کو پانے کے لئے آگے نہیں بڑھ سکتا جس کے لئے اس کی روح بے قرار ہے. وہ اس کے درشنوں سے دور رہتا ہے جس کے لئے اس کا دل ہر وقت دھڑکتا رہتا ہے.

از اشفاق احمد، بابا صاحبا، صفحہ نمبر 382

No comments:

Post a Comment